پٹرولیم مصنوعات 2سے 5روپے فی لٹر سستی

اسلام آباد(سٹاف  )حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2 ،2 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کی گئی تھی تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے حکومت نے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2،2 روپے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کررہے ہیں۔اسد عمر نے مزید کہاکہ آگے بہتری کی گنجائش نظرآرہی ہے، ٹیکس میں ردو بدل کررہے ہیں لیکن صارف کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔حکومت کی جانب پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے کمی سے نئی قیمت 95 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی سے نئی قیمت 110 روپے 94 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے کمی سے نئی قیمت 83 روپے 50 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 پانچ روپے کمی سے نئی قیمت 77 روپے 44 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ڈالر کی قیمت متعین کرنا سینٹرل بینک کا کام ہوتا ہے، سینٹرل بینک ہی یہ فیصلے کررہا ہے اور مصنوعی طریقے سے ڈالر کو کنٹرول نہیں کرے گا۔ پچھلے سال 19ارب ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ تھا، ڈالر کا معاملہ طلب اور رسد سے جڑا ہے، ڈالر کی طلب زیادہ اور دستیاب کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی طریقے سے روپے کی قدر برقرار اور ڈالر کی کم رکھی جاتی تھی، ہم نے زراعت اور صنعت کو مستحکم کرنا ہے، جب تک کسان اور صنعت غیر ملکی کسان اور صنعت سے مقابلہ نہیں کرلیتا تب تک، ڈالر کی طل باور سپلائی میں فاصلہ رہے گا اور اس کا دباؤ پڑتا رہے گا، پچھلے چار سال میں ایکسپورٹ انڈسٹریز بند ہوئی ہیں، فیصل آباد میں 5لاکھ مزدور وہ بے روزگار ہو گئے، فیکٹریاں لوہے کے دام فروخت ہوئیں، مختلف ممالک سے سرمایہ کاری جلد نظر آئے گی، بیرونی قرض اضافے کے بعد 95ارب ڈالر تک پہنچ گئے، روپے کی قدر میں کمی کوئی اچھی بات نہیں ہے، ہم نے زراعت کو مضبوط کرنا ہے، ابھی تک جو کام ہوئے اس پر بھی مثبت اثرات نظر آئیں گے، ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں مختلف کمپنیاں اب سرمایہ کاری کیلئے تیار ہو رہی ہیں