• Home »
  • نیوز »
  • چین پاکستان کو 2ارب ڈا؛ر قرض دیگا : فنانشل ٹائمز ، سعودی عرب تاریخی سرمایہ کاری کیلئے تیار : اسد عمر

چین پاکستان کو 2ارب ڈا؛ر قرض دیگا : فنانشل ٹائمز ، سعودی عرب تاریخی سرمایہ کاری کیلئے تیار : اسد عمر

اسلام آباد،) چین نے پاکستان کے گرتے ہوئے زر مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کیلئے 2ارب ڈالر قرض دینے کا فیصلہ کر لیا ، رقم روپے کی گرتی ہوئی قدراور پاکستان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔ منگل کو برطانوی جریدے ’’فنانشل ٹائمز‘‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے چین نے پاکستان کو دو ارب ڈالر کا قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے چین نے ایسے وقت میں پاکستان کو یہ رقم دینے کا فیصلہ کیا ہے جب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قائم ہونیوالی نئی حکومت کمزور معیشت کو بہتر بنانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، پاکستانی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اخبا ر سے بات کرتے ہوئے بتایا چین کی جانب سے رقم دینے کا فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ دوست ملک پاکستان کو کسی بھی قسم کے معاشی بحران کا شکار نہیں ہونے دے گا۔ رپورٹ میں کسی بھی چینی عہدیدار کا موقف شامل نہیں کیا گیا،چین کی جانب سے مالیاتی امداد دونوں مما لک کے مابین وسیع تر معاشی تعلقات کو ظاہر کرتی ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان آئی ایم ایف سے 7سے 8ارب کا مالیاتی پیکیج حاصل کرنے کیلئے بھی مذاکرات کر رہا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چین نے مالیاتی امداد پاکستان کو دینے کا اعلان اسلئے نہیں کیا کہ امریکہ دو نو ں ممالک کے مابین اس مالیاتی پیکیج کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار نہ کرے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرنے والا ہے ، گیند ہمارے کورٹ میں ہے ، صرف اگلے ہفتے کابینہ نے منظوری دینی ہے اور ہم باقاعدہ اعلان کر دیں گے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد کے پیغامات بھی مل رہے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے معاملات میں تیزی کیلئے مسلسل پیغام وصول ہو رہے ہیں۔اسد عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ جہاں جاتے ہیں ان سے پوچھاجاتا ہے کہ چوروں کو جیل میں کب ڈالیں گے اور یہ لوگوں کی خواہش بھی ہے۔دوسری جانب وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سعودی عرب پیکیج کے تحت ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی۔